سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار

مغلپورہ(بولونیوز)پولیس نے سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش اور سرعام ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزم کو کامیاب کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا۔ ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی کے مطابق پولیس کی جانب سے اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔

ترجمان پولیس کے مطابق پٹرولنگ ٹیم نے اسٹاپ اینڈ سرچ میتھڈ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے گریفن گراؤنڈ کے قریب مشتبہ شخص کو روکا، جس کی شناخت احمد کے نام سے ہوئی۔ تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے غیر قانونی پستول اور گولیاں برآمد کر لی گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم احمد کی اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل تھیں، جس کے بعد پولیس نے اسے ٹارگٹ کر کے کارروائی کی۔

گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اس قسم کے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *