سابق میئر کراچی وسیم اختر کا شہر کی موجودہ صورتحال پر شدید ردعمل
کراچی(بولونیوز)سابق میئر کراچی وسیم اختر نے شہر کی موجودہ حالت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں اب نہ صرف اردو بولنے والے بلکہ ہر زبان بولنے والا شہری بھی مشکلات اور ناانصافیوں سے تنگ آ چکا ہے۔
گل پلازہ سانحے کو انتظامی ناکامی قرار دیتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلدیاتی نظام کو کبھی مضبوط نہیں ہونے دے گی کیونکہ وہ کرپشن کے راستے کھلے رکھنا چاہتی ہے۔
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے 18 ویں ترمیم کی حمایت اس امید پر کی تھی کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں گے، لیکن یہ ایک دھوکہ ثابت ہوا، جس کے نتیجے میں شہر شدید بحران اور تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ میئر کے پاس بھی حقیقی اختیارات نہیں ہیں اور جب تک نظام درست نہیں کیا جاتا، ایسے سانحات اور عوام کی محرومیاں جاری رہیں گی۔


