حضرت امام حسینؑ کی ولادتِ باسعادت کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا پیغام
کراچی(بولونیوز)حضرت امام حسینؑ کی ولادتِ باسعادت کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ نواسۂ رسول ﷺ حضرت امام حسینؑ کی ولادت ہم سب کے لیے باعثِ برکت ہے اور یہ دن پوری امتِ مسلمہ کے لیے خوشی اور فخر کا دن ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حضرت علیؑ اور بی بی فاطمہؑ کے فرزند امام حسینؑ کی تعلیمات انسانیت، صبر اور استقامت کا عظیم پیغام ہیں۔ امام حسینؑ حق، انصاف اور قربانی کی لازوال علامت ہیں اور ان کا کردار آج بھی ظلم کے خلاف جدوجہد کا درس دیتا ہے۔
سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؑ نے اسلام کی بقا کے لیے عظیم قربانی دی، جو رہتی دنیا تک جبر اور ناانصافی کے خلاف مزاحمت کی علامت رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امام حسینؑ کے راستے پر چلتے ہوئے معاشرے میں عدل و انصاف، رواداری اور حق گوئی کو فروغ دینا ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے نواسۂ رسول ﷺ حضرت امام حسینؑ کی ولادتِ باسعادت کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں امام حسینؑ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔


