کراچی کو اس حال تک پہنچانے کی ذمہ دار جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم ہیں، عبدالقادر پٹیل

اسلام آباد(بولونیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ گزشتہ 35 سالوں تک جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم نے کراچی پر راج کیا اور شہر کو موجودہ ابتر صورتحال تک پہنچانے کی ذمہ داری بھی انہی دو جماعتوں پر عائد ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے کراچی کے مختلف سانحات کے متاثرین کی مکمل مالی معاونت کی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ کراچی کے دعوے دار بننے کے بجائے اپنی غلطیوں کا اعتراف کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جن عمارتوں میں سانحات پیش آئے وہ انہی جماعتوں کے ادوار میں بنیں اور خود اعتراف کیا جا چکا ہے کہ مہاجر قوم کو سو سال پیچھے دھکیل دیا گیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ایوان میں سانحات اور حادثات کا ذکر کیا جاتا ہے لیکن سانحہ بلدیہ کا نام لینے سے گریز کیا جاتا ہے، جہاں دروازوں پر زنجیریں لگا کر 360 افراد جان سے گئے اور کسی کو مدد کے لیے آگے آنے نہیں دیا گیا۔

عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ اب کراچی آپ کے ہاتھ میں نہیں رہا، اس لیے کراچی کے دعوے دار نہ بنیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب کراچی پیپلز پارٹی کے ہاتھ آیا ہے تاہم ہمارے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں، مسائل کے حل کے لیے وقت اور عملی اقدامات درکار ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *