ہولی فیملی اسپتال میں سیکیورٹی گارڈ کے تشدد سے نوجوان جاں بحق

راولپنڈی(بولونیوز)شہر کے بڑے سرکاری اسپتال ہولی فیملی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں سیکیورٹی گارڈ کے مبینہ تشدد سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق نوجوان اپنی بیمار والدہ کو ایمرجنسی لانے کے لیے اسپتال آیا تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق مقتول وقاص کی گاڑی پارکنگ کے معاملے پر سیکیورٹی گارڈ سے تلخ کلامی ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے شدید جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔ الزام ہے کہ سیکیورٹی گارڈ نے طیش میں آ کر نوجوان پر تشدد شروع کر دیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گارڈ نے وقاص کے سینے پر زور دار مکا مارا، جس کے بعد نوجوان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد اسپتال میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

واقعے پر شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری اسپتالوں میں تعینات سیکیورٹی عملے کے رویے پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ اسپتال جیسے حساس مقامات پر ایسے افسوسناک واقعات نہ ہوں۔

متاثرہ خاندان نے انصاف کی اپیل کی ہے، جبکہ شہریوں کی جانب سے وقاص مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعائیں کی جا رہی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *