وزیراعلیٰ سندھ کا گل پلازہ آتشزدگی واقعے کا نوٹس، انکوائری کا حکم
کراچی(بولونیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے علاقے میں واقع گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی ہے کہ واقعے کی وجوہات کا تعین کیا جائے اور اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے آگ لگنے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہ برتی جائے۔
مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی کو یہ بھی ہدایت کی کہ گل پلازہ میں موجود فائر سیفٹی انتظامات کی مکمل جانچ کی جائے اور اس بات کا جائزہ لیا جائے کہ آیا فائر سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کیا جا رہا تھا یا نہیں۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اگر تحقیقات کے دوران کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ثابت ہوئی تو ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید حکم دیا کہ کراچی کی تمام کمرشل عمارتوں میں فوری طور پر فائر سیفٹی آڈٹ کرایا جائے اور فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔


