وزیراعلیٰ سندھ کی ملیر ندی پل منصوبہ مئی 2026 تک مکمل کرنے کی ہدایت
کراچی(بولونیوز)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملیر ندی پل منصوبے کو مئی 2026 تک مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے ملیر ندی پر زیرِ تعمیر پل کا دورہ کیا، جبکہ قائد آباد کے علاقے میں این-5 (مرغی خانہ) پل کا بھی معائنہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کی گئی رپورٹ اور بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملیر ندی پل منصوبے کی مجموعی لاگت 3 ارب 6 کروڑ 69 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ منصوبے کی فزیکل پیش رفت 65 فیصد مکمل ہو چکی ہے۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ منصوبے پر اب تک 61.6 فیصد مالی اخراجات کیے جا چکے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور منصوبے کو ہر صورت مئی 2026 سے قبل مکمل کیا جائے۔
پی اینڈ ڈی کی ٹیم نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ منصوبے پر کام کی رفتار اطمینان بخش ہے۔ سائٹ پر کنکریٹ کی مضبوطی جانچنے کے لیے نان ڈسٹرکٹیو ٹیسٹ کیے گئے ہیں، جبکہ گرڈرز اور ٹرانسم کے سائز کی باقاعدہ پیمائش بھی مکمل کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے یوٹیلیٹی منتقلی میں تاخیر پر کے الیکٹرک کو خطوط جاری کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تاخیر سے منصوبے کی رفتار متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے ریمپس کی تعمیر کے لیے بجری اور ایگریگیٹ بیس کا اسٹاک فوری طور پر یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مٹیریل کی بروقت دستیابی سے منصوبہ جلد مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے تاکہ عوام کو مقررہ مدت میں بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔


