وزیراعظم شہباز شریف کا قومی پیغامِ امن کمیٹی سے خطاب

اسلام آباد(بولونیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ملک میں قومی پیغامِ امن کمیٹی کا کردار انتہائی اہم ہے اور اس پلیٹ فارم کے ذریعے اتحاد، رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

قومی پیغامِ امن کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قیامِ پاکستان میں علما کرام اور اقلیتی برادری نے بھرپور کردار ادا کیا جبکہ آزادی کے وقت لاکھوں لوگوں نے وطن کی خاطر قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام کا مقصد یہ تھا کہ بلا امتیاز سب کو برابر حقوق حاصل ہوں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہے اور اللہ تعالیٰ نے ملک کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے، جن کی مالیت کھربوں ڈالرز میں ہے۔ ان وسائل کو بروئے کار لا کر ملک سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ اور قرضوں سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے، جو مشکل ضرور ہے مگر ناممکن نہیں۔

وزیراعظم نے مئی 2025 میں افواجِ پاکستان کی شاندار کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے معرکۂ حق میں بھارت کو شکستِ فاش دی اور اس معرکے کی قیادت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کی۔

انہوں نے دہشتگردی کے چیلنج پر بھی زور دیا اور کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایک لاکھ پاکستانی شہید ہو چکے ہیں اور چاروں صوبوں کے شہداء نے اپنے خون سے وطن کی آبیاری کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف خود قربانیاں دیں بلکہ دنیا کو بھی دہشتگردی سے محفوظ بنانے میں کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی اے کے درمیان گٹھ جوڑ موجود ہے اور دہشتگرد تنظیموں کو دشمنوں کی جانب سے وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں، تاہم ماضی کی طرح آج بھی دہشتگردوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا اور انہیں پاکستان کی سرحدوں سے اٹھا کر بحرِ ہند میں ڈبو دیا جائے گا۔

شہباز شریف نے زور دیا کہ آج جتنا اتحاد اور یکجہتی درکار ہے، اس کی پہلے کبھی اتنی ضرورت نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ پیچیدہ قومی معاملات کو مل بیٹھ کر حل کرنا ہوگا تاکہ پاکستان امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر تیزی سے آگے بڑھتا رہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *