لکڑی گودام کے چوکیدار کے اندھے قتل کیس میں اہم پیش رفت، مرکزی ملزم گرفتار

کراچی(بولونیوز)کراچی کے علاقے کیماڑی میں واقع لکڑی گودام کے چوکیدار کے اندھے قتل کیس میں کیماڑی انوسٹیگیشن پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے واردات میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ بات ایس ایس پی انوسٹیگیشن کیماڑی توحید رحمان میمن نے بتائی۔

ایس ایس پی انوسٹیگیشن کے مطابق پولیس نے تکنیکی شواہد اور ہیومن انٹیلیجنس کی بنیاد پر مزید کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو حراست میں لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت عبدالساجد ولد عبدالقادر کے نام سے ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ بلدیہ کے علاقے میں واقع ایک لکڑی کے گودام سے چوکیدار محمد علی کی لاش برآمد ہوئی تھی، جسے نامعلوم ملزمان نے بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے دوران متعدد شواہد اکٹھے کیے، جس کے نتیجے میں ملزمان تک پہنچنا ممکن ہوا۔

ایس ایس پی کے مطابق ملزم عبدالساجد کے قبضے سے مقتول کا موبائل فون اور چوری شدہ مال بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش اور انٹیروگیشن کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ اپنے ساتھی کے ہمراہ چوری کی نیت سے گودام کی دیوار کھود رہا تھا کہ اسی دوران چوکیدار کی آنکھ کھل گئی، تاہم کچھ دیر بعد وہ دوبارہ سو گیا۔

ملزم نے بتایا کہ پکڑے جانے کے خوف سے انہوں نے سوتے ہوئے چوکیدار کے سر اور چہرے پر بھاری ڈنڈے سے متعدد وار کر کے اسے قتل کر دیا۔ مزید یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ گرفتاری کے ڈر سے چوری شدہ مال کو ایک جگہ چھپا دیا گیا تھا، جسے بعد ازاں پولیس نے برآمد کر لیا ہے۔

ایس ایس پی انوسٹیگیشن توحید رحمان میمن کے مطابق ملزم کا ساتھی رفیق عرف دادا کو گزشتہ روز ہی گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کو مکمل میرٹ پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *