ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی مالی معاونت ایم کیو ایم لندن کے 3 کارکنوں کی ضمانت منظور

کراچی(بولونیوز)انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل سے متعلق مالی معاونت کے مقدمے میں ایم کیو ایم لندن کے تین کارکنوں کی ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے ملزمان شاہد عرف متحدہ، شہزاد اور ماجد کو پانچ، پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

استغاثہ کے مطابق ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے بھارتی ایجنٹ محمد صدیق کے ذریعے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے مالی معاونت حاصل کی۔ تاہم سماعت کے دوران وکلا صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمہ چھ برس قبل درج کیا گیا تھا لیکن اس طویل عرصے میں ملزمان کے خلاف فنڈنگ یا کسی قسم کے تعلق سے متعلق الزامات ثابت نہیں کیے جا سکے۔

وکلا صفائی عابد زمان ایڈووکیٹ اور اسامہ علی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ استغاثہ چھ سال گزرنے کے باوجود کوئی ٹھوس اور قابلِ قبول شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا ہے، جس پر عدالت نے ملزمان کی ضمانت منظور کرنے کا حکم جاری کیا۔

عدالت کے اس فیصلے کے بعد تینوں ملزمان کو مچلکے جمع کرانے پر رہائی مل جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *