صدر میں پتھارے ہٹانے پر ریڑھی بانوں کا ٹریفک پولیس افسر پر تشدد، مقدمہ درج

کراچی(بولونیوز)شہر قائد کے علاقے صدر میں پتھارے ہٹانے کے دوران دو ریڑھی بانوں نے ٹریفک پولیس افسر کو تشدد کا نشانہ بنا دیا، جس کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹریفک پولیس افسر جیسے ہی سڑک سے پتھارے ہٹانے کی کوشش کرتا ہے تو دو ملزمان اس پر حملہ کر دیتے ہیں۔ دھکے دیے جانے کے باعث پولیس افسر زمین پر گر جاتا ہے، اس دوران دیگر پتھارے والے اور ٹریفک پولیس کے اہلکار بیچ بچاؤ کراتے نظر آتے ہیں۔

حکام کے مطابق واقعے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے بتایا کہ متاثرہ ٹریفک پولیس افسر محمد حفیظ کی مدعیت میں صدر تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق محمد حفیظ دیگر اہلکاروں کے ہمراہ مبارک شہید روڈ پر ٹریفک جام کی اطلاع پر موقع پر پہنچے تھے، جہاں ریڑھی بان سڑک پر پتھارے لگا کر کاروبار کر رہے تھے جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی تھی۔

پولیس کے مطابق ٹریفک جام پیدا کرنے والے ایک پتھارے والے کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *