شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی کارروائیاں، مبینہ مقابلوں میں 3 زخمی سمیت 8 ملزمان گرفتار

کراچی(بولونیوز)شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں اور دیگر کارروائیوں کے دوران 3 زخمی ملزمان سمیت 8 افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ، نقد رقم، موبائل فونز، گاڑی اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن پولیس نے فلٹر پلانٹ کے قریب پیر اور منگل کی درمیانی شب مبینہ مقابلے کے بعد 40 سالہ نسیم ولد رفیق کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایم پی فائیو رائفل، موبائل فون، نقد رقم اور ایک کوسٹر برآمد کی گئی۔

اسی طرح قائدآباد پولیس نے مولا مدد قبرستان کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران 26 سالہ عطاء اللہ عرف مایا ولد شاہنواز کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک پستول، موبائل فونز اور نقد رقم برآمد کی۔

دوسری جانب پاکستان بازار پولیس نے اورنگی ٹاؤن کے علاقے تھورانی گوٹھ میں مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت دو ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت 22 سالہ کبیر ولد کریم اور سلیم ولد نسیم کے نام سے کی گئی۔ ملزمان کے قبضے سے دو پستولیں، موبائل فونز، نقد رقم اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

ادھر اے وی ایل سی (اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل) نے کار اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث تین ملزمان شاہد علی محمد، رب نواز اور سمیر علی کو گرفتار کر کے ایک کار برآمد کر لی جو تین روز قبل عزیز آباد سے چوری کی گئی تھی، جبکہ شاہد اور رب نواز کے قبضے سے برآمد موٹر سائیکل کلاکوٹ کے علاقے سے چوری شدہ نکلی۔

علاوہ ازیں عزیز بھٹی پولیس نے مفرور اور انتہائی مطلوب اسٹریٹ کرمنل شہزاد عرف لمبا ولد امام بخش کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول اور موبائل فون برآمد کر لیا۔

پولیس کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *