سرکاری محکموں میں پیٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر پابندی کا فیصلہ

لاہور(بولونیوز) پنجاب حکومت نے ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری محکموں میں پیٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب کے مطابق آئندہ سرکاری محکموں کے لیے صرف الیکٹرک یا ہائبرڈ گاڑیاں خریدی جا سکیں گی، تاہم فیلڈ ڈیوٹی کی گاڑیوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

چیف سیکرٹری نے مزید بتایا کہ صوبے میں نئے پیٹرول پمپس کے لیے این او سی کا اجرا الیکٹرک چارجنگ یونٹ کی تنصیب سے مشروط کر دیا گیا ہے۔ اب کوئی بھی نیا پیٹرول پمپ الیکٹرک چارجنگ سہولت کے بغیر کام کرنے کا مجاز نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تحفظ اور آلودگی میں کمی کے لیے گرین انرجی کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی سلسلے میں نئی الیکٹرک وہیکل پالیسی جلد متعارف کرائی جائے گی۔

چیف سیکرٹری پنجاب کے مطابق صوبے کے 31 شہروں میں 170 نئے پیٹرول پمپس کے لیے ای بز پورٹل کے ذریعے این او سیز جاری کی گئی ہیں اور ان تمام پمپس پر الیکٹرک چارجنگ یونٹس کی تنصیب کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق یہ اقدامات صوبے میں صاف توانائی کے فروغ اور ماحولیاتی بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *