ایف آئی اے امیگریشن کی کارروائی، جعلی ویزوں پر بیرونِ ملک جانے والے 8 مسافر گرفتار
کراچی(بولونیوز)ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے وزٹ ویزے کی آڑ میں بیرونِ ملک ملازمت کے لیے جانے والے 8 مسافروں کو روک لیا۔
حکام کے مطابق مسافروں نے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر ملائیشیا کا وزٹ ویزا حاصل کیا تھا اور وہ فلائٹ نمبر D7-109 کے ذریعے پاکستانی پاسپورٹس اور وزٹ ویزوں پر ملائیشیا روانہ ہو رہے تھے۔
روکے گئے مسافروں میں پوجا امیت، راج کچن، عتیق خان، محمد سعد، عزیر عزیز، کرامت اللہ، عامر خان اور ذیشان خان شامل ہیں، جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق مسافروں کی قیادت پوجا امیت کر رہی تھی۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں نے ویزا کے حصول کے لیے بلیسنگ انسٹیٹیوٹ، کلفٹن کراچی کے نام پر جعلی سفری دستاویزات جمع کروائیں اور مختلف ایجنٹوں کو فی کس 4 لاکھ 95 ہزار روپے ادا کیے۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ مسافروں کا مقصد ملائیشیا میں غیر قانونی طور پر ملازمت حاصل کرنا تھا۔ مزید برآں، مسافروں کے موبائل فونز سے امریکا کے جعلی ویزے حاصل کرنے کی منصوبہ بندی سے متعلق شواہد بھی برآمد ہوئے ہیں۔
تمام مسافروں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔


