رنگ روڈ پر پبلک ٹرانسپورٹ اور سبزی منڈی منتقل کرنے کا فیصلہ

راولپنڈی(بولونیوز)حکومت پنجاب کی جانب سے شہر میں ٹریفک کے نظم و نسق اور ہیوی ٹریفک کو محدود کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پیرودھائی جنرل بس اسٹینڈ سمیت تمام پبلک ٹرانسپورٹ کو رنگ روڈ راولپنڈی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی سبزی منڈی بھی رنگ روڈ پر شفٹ کی جائے گی، جبکہ فیض آباد، 26 نمبر چونگی اور دیگر تمام بس اڈے بھی منتقل ہوں گے۔ آئندہ ہیوی ٹرانسپورٹ کو راولپنڈی شہر کے اندر داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔

پیرودھائی بس اسٹینڈ اب حکومتِ پنجاب کی مکمل ملکیت میں آ جائے گا اور یہاں سے راولپنڈی و اسلام آباد کے لیے لوکل بس سروس فراہم کی جائے گی۔ مسافروں کے لیے کرایہ 20 سے 50 روپے کے درمیان مقرر کیا گیا ہے، جس سے وہ ایک ہی بس سروس کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں تک آسانی سے جا سکیں گے۔

پشاور سے آنے والی ٹرانسپورٹ کے لیے ممکنہ طور پر اسلام آباد ایئرپورٹ کے قریب اڈہ قائم کیا جائے گا۔ پنجاب سے آنے والی تمام ٹرانسپورٹ رنگ روڈ کے ذریعے آئے گی، چاہے وہ موٹر وے سے ہو یا جی ٹی روڈ سے۔ رنگ روڈ موٹر وے اور جی ٹی روڈ کو آپس میں جوڑتی ہے۔

اس دوران آزاد کشمیر سے آنے والی ٹریفک (براستہ مری) کو بہارہ کہو کے قریب روکا جائے گا، جبکہ آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع سے آنے والی ٹریفک روات رنگ روڈ استعمال کرے گی۔ موجودہ وقت میں رنگ روڈ روات سے نئے اسلام آباد ایئرپورٹ تک مکمل کی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *