2025 میں 7.6 لاکھ پاکستانی بیرونِ ملک ملازمت کے لیے روانہ
اسلام آباد(بولونیوز)بیورو آف امیگریشن کی رپورٹ کے مطابق سال 2025 میں مجموعی طور پر 7 لاکھ 62 ہزار 499 پاکستانی روزگار کے لیے بیرونِ ملک گئے، جن میں 18 ہزار 352 اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ پاکستانی سعودی عرب گئے، تقریباً 5.3 لاکھ افراد، جبکہ متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، کویت، جنوبی کوریا، برطانیہ، امریکا، اٹلی، جرمنی، چین اور جاپان جانے والے پاکستانیوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 4.6 لاکھ غیر ہنرمند، 2.2 لاکھ ہنرمند اور 13 ہزار انتہائی ہنر مند افراد نے بیرونِ ملک ملازمت اختیار کی۔ اس کے علاوہ ہزاروں ڈاکٹرز، انجینئرز، نرسز، اساتذہ، اکاؤنٹنٹس، باورچی، ڈرائیور، الیکٹریشنز اور ٹیکنیشنز بھی مختلف ممالک میں روزگار کے لیے گئے۔
بیورو آف امیگریشن کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کی بیرونِ ملک روانگی میں مسلسل اضافہ ملکی معیشت اور غیر ملکی آمدنی میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ہنرمند افراد کی تعداد میں اضافہ مستقبل میں تکنیکی و ماہر شعبوں میں بہتری کا اشارہ ہے۔


