موسم کی خرابی اور انتظامی مسائل، 4 پروازیں منسوخ، 67 تاخیر کا شکار
اسلام آباد(بولونیوز)ملک بھر میں موسم کی خرابی اور انتظامی مسائل کے باعث فضائی آپریشن شدید متاثر ہو گیا، جس کے نتیجے میں آج 4 پروازیں منسوخ جبکہ 67 پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق پشاور اور دوحہ کے درمیان غیر ملکی ایئرلائن کی 2 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اسی طرح لاہور اور مشہد کے درمیان چلنے والی غیر ملکی ایئرلائن کی مزید 2 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر مجموعی طور پر 27 پروازیں متاثر ہوئیں، جہاں پروازوں میں 1 گھنٹے سے لے کر ساڑھے 5 گھنٹے تک کی تاخیر ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح پشاور ایئرپورٹ پر 6، ملتان ایئرپورٹ پر 5، کراچی ایئرپورٹ پر 16 جبکہ لاہور ایئرپورٹ کی 10 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔
فضائی حکام کے مطابق مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ روانگی سے قبل اپنی متعلقہ ایئرلائن سے پروازوں کے شیڈول کی تصدیق کر لیں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔


