طویل عرصے کے بعد مسافروں کے لیے سمندری فیری سروس کا آغاز
کراچی(بولونیوز) طویل عرصے کے بعد کراچی بندرگاہ پر مسافروں کے لیے سمندری سفر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ کراچی بندرگاہ کے ایسٹ ہارف پر جدید فیری ٹرمینل کا افتتاح کیا گیا، جہاں سے 20 جنوری کو پہلی فیری ایرانی بندرگاہ چاہ بہار کے لیے روانہ ہوگی۔
نئے فیری ٹرمینل اور سروس کو پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔ اس ٹرمینل میں سہولیات کے اعتبار سے کسی ائیرپورٹ سے کم نہیں، اور یہاں مسافروں کی امیگریشن، کسٹم اور روانگی کے تمام مراحل مکمل کیے جائیں گے۔
چین کے چار مختلف آپریٹرز نے پاکستان میں فیری سروس چلانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ کراچی سے چاہ بہار کا یک طرفہ کرایہ 50 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ فیری شام 5 بجے روانہ ہوگی اور تقریباً 16 گھنٹے میں چاہ بہار پہنچے گی۔ یہ سروس ہفتے میں دو مرتبہ چلائی جائے گی۔


