جمہوریت اسی وقت مضبوط ہوگی جب ہم چوردروازے سے اقتدارمیں نہ آئیں،سہیل آفریدی

کراچی(بولونیوز)حیدرآباد روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے تحریک انصاف کو تیسری بار مینڈیٹ دے کر پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ باقی صوبوں میں جو حکومتیں جعلی مینڈیٹ کے ساتھ قابض ہیں، انہیں عوامی مینڈیٹ کی قدر کرنی چاہیے اور چور دروازوں سے اقتدار میں نہیں بیٹھنا چاہیے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ مذاکرات اور مزاحمت کی کال کا مینڈیٹ محمود خان اچکزئی اور علامہ صاحب کو دیا گیا ہے، اور وہ اس حوالے سے جیسا چاہیں فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری جاری ہے اور جلد یہ اپنے عروج پر پہنچے گی۔

سہیل آفریدی نے پاکستانی شہریوں کے یکساں حقوق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جو پاکستانی سندھ سے خیبرپختونخوا میں آتے ہیں یا خیبرپختونخوا سے سندھ میں، یہ ان کا ہی پاکستان ہے، اور روزگار کے مواقع پاکستان کے کسی کونے میں بھی دستیاب ہونے چاہئیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ خیبرپختونخوا کے شہریوں کو یونیورسل ہیلتھ کیئر کے تحت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور اگر اسپتالوں میں کسی شہری کو کارڈ کے استعمال میں مسائل ہوں تو وہ ان کو سنیں گے اور ضرورت پڑنے پر وزیراعلیٰ سندھ کے سامنے رکھیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *