آپریشن کی تیاری، متاثرہ خاندانوں کی نقل مکانی 10 جنوری سے شروع ہوگی

وادی تیراہ(بولونیوز)خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں میدان ملک دین خیل سے متاثرہ خاندانوں کی نقل مکانی کا عمل 10 جنوری سے باقاعدہ شروع ہوگا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق متاثرین کی رجسٹریشن کا عمل گزشتہ تین روز سے جاری ہے اور اس کے لیے علاقے کے پائیندی چینہ میں خصوصی رجسٹریشن سینٹر قائم کیا گیا ہے۔

اب تک مجموعی طور پر 2500 سے زائد خاندانوں کو رجسٹر کیا جا چکا ہے، جن میں سے 176 خاندانوں کو نادرا سمیت دیگر محکموں سے کلیرنس کے بعد ابتدائی طور پر فی خاندان ڈھائی لاکھ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔ دیگر رجسٹرڈ خاندانوں کو بھی ایڈوانس مالی امداد دی جا رہی ہے۔

نقل مکانی کرنے والے ہر خاندان کو ایڈوانس کے علاوہ ماہانہ 50 ہزار روپے امدادی رقم دی جائے گی، جس پر متاثرین اپنی مرضی کی رہائش اختیار کر سکیں گے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق وادی تیراہ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن آئندہ دو ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ آپریشن کے بعد متاثرین کی واپسی اور بحالی کا عمل 5 اپریل سے شروع ہوگا۔

حکام نے بتایا کہ وادی تیراہ کے میدان کی مجموعی آبادی تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار افراد پر مشتمل ہے۔ آپریشن کے دوران مکمل طور پر تباہ ہونے والے مکانوں کا معاوضہ 30 لاکھ روپے اور جزوی طور پر تباہ ہونے والے مکانوں کا معاوضہ 10 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔

یہ اقدام علاقے میں امن و امان قائم رکھنے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ضروری سمجھا جا رہا ہے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کی محفوظ اور باعزت نقل مکانی کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *