کراچی میں آوارہ کتوں کا راج، ایک ہفتے میں 1100 سے زائد شہری سگ گزیدگی کا شکار
کراچی(بولونیوز)شہر قائد میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد شہریوں کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ سال 2026 کے آغاز کے ساتھ ہی سگ گزیدگی کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث عوام میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں، گلیوں، محلوں اور بازاروں میں آوارہ کتوں کے حملوں کے نتیجے میں صرف ایک ہفتے کے دوران 1100 سے زائد شہری زخمی ہو چکے ہیں۔ نئے سال کے ابتدائی چھ دنوں میں 1,125 سے زائد متاثرہ افراد علاج کے لیے مختلف سرکاری و نجی اسپتالوں میں رپورٹ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق انڈس اسپتال میں 300، سول اسپتال میں 305، جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں 182، قطر اسپتال میں 149 اور لیاقت آباد اسپتال میں 128 سگ گزیدگی کے کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ عباسی شہید اسپتال، سندھ گورنمنٹ اسپتال سعود آباد اور دیگر نجی اسپتالوں میں بھی متعدد متاثرہ مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔
جناح اسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عرفان کے مطابق یکم جنوری سے اب تک 250 سے زائد سگ گزیدگی کے کیسز جناح اسپتال میں رپورٹ ہو چکے ہیں، جو صورتِ حال کی سنگینی کو ظاہر کرتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات نہ ہونے کے باعث یہ مسئلہ دن بدن سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مؤثر حکمتِ عملی اپنائی جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو مزید خطرات سے بچایا جا سکے۔


