ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کے سرچ و کومبنگ آپریشنز، 11 افراد زیرِ حراست

کراچی(بولونیوز)ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے کومبنگ اور سرچ آپریشنز کے دوران کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 11 افراد کو گرفتار و حراست میں لے لیا ہے۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق پولیس نے مختلف علاقوں میں پانچ مقامات پر سرچ آپریشنز کیے۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران 7 ملزمان کو گرفتار جبکہ 4 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار افراد میں 5 موٹرسائیکل لفٹرز، 2 گٹکا فروش جبکہ 4 مشتبہ افراد اور غیر ملکی شہری شامل ہیں۔

پولیس نے موٹرسائیکل لفٹرز کے قبضے سے مجموعی طور پر 5 سرقہ شدہ موٹرسائیکلیں برآمد کیں، جن میں 2 موٹرسائیکلیں گلشن معمار، ایک سرجانی ٹاؤن اور ایک سہراب گوٹھ سے چوری شدہ بتائی جاتی ہیں۔

اسی طرح گٹکا فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران ملزم محمد بلال سے 70 پڑیاں جبکہ ملزم نصیب اللہ سے 50 پڑیاں گٹکا ماوا اور نقدی برآمد کی گئی۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق تین موٹرسائیکل لفٹرز کو تھانہ گلشن معمار، دو کو تھانہ سرجانی، ایک گٹکا فروش کو تھانہ اقبال مارکیٹ، ایک کو تھانہ سرجانی جبکہ دیگر مشتبہ افراد کو تھانہ منگھوپیر اور اورنگی پولیس نے حراست میں لیا۔

گرفتار موٹرسائیکل لفٹرز میں بلال اور ارسلان علی (سرجانی ٹاؤن) جبکہ رفیق عرف رئیس، زمان اور شاہزیب (گلشن معمار) شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کی کارروائی جاری ہے، جبکہ زیرِ حراست دیگر مشتبہ افراد کو تصدیق کے بعد رہا یا ڈیٹین کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *