پاکستان کو ایوی ایشن شعبے میں بین الاقوامی اعزاز، سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کی عالمی رکنیت حاصل

کراچی(بولونیوز)پاکستان کے ایوی ایشن شعبے کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ (SATI) کو ایئرپورٹس کونسل انٹرنیشنل (ACI) میں رکنیت دے دی گئی ہے۔ یہ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کا اہم ذیلی ادارہ ہے اور اس کی عالمی سطح پر شمولیت پاکستانی ایوی ایشن کے لیے ایک بڑا اعزاز تصور کی جا رہی ہے۔

سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں ایوی ایشن سے متعلق 208 بین الاقوامی معیار کے تربیتی کورسز کروائے جاتے ہیں، جن میں 48 سے زائد ممالک کے ایوی ایشن ماہرین نے حصہ لیا ہے۔ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے جوائن کرنے والے افسران اور عملے کے لیے یہ تربیتی کورسز لازمی ہیں۔

عالمی سول ایوی ایشن کے حکام بھی یہاں مختلف کورسز کرانے کے لیے آتے ہیں، اور اب انسٹیٹیوٹ کی عالمی تنظیم میں شمولیت سے پاکستان کی ایوی ایشن شعبے کو بین الاقوامی سطح پر اہم پہچان ملے گی۔

ایئرپورٹس کونسل انٹرنیشنل میں اب 170 ممالک رکن ہیں، اور حکومت نے ایوی ایشن شعبے کو بین الاقوامی معیار پر لانے کے لیے وزارت دفاع کو ٹاسک دیا ہوا ہے۔ سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کا عالمی سطح پر شامل ہونا پاکستان کی ایوی ایشن کے لیے ایک نمایاں سنگ میل ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *