نیپا،مین ہول میں گرکرابراہیم کی ہلاکت، میئر کراچی اور دیگر کے خلاف مقدمے کی سماعت
کراچی(بولونیوز)نیپا کے قریب نجی سپر اسٹور کے سامنے کھلے مین ہول میں گر کر کم سن بچے ابراہیم کی ہلاکت کے معاملے پر میئر کراچی، ٹاؤن چیئرمین، واٹر بورڈ اور بی آر ٹی کنٹریکٹر کے خلاف مقدمہ اندراج کی درخواست کی سماعت عدالت میں ہوئی۔
درخواست گزار ایڈوکیٹ شیخ ثاقب احمد نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایک جرم ہوا ہے اور پولیس کو سیکشن 154 کا بیان لے کر مقدمہ درج کرنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ والدین قانونی کاروائی نہیں چاہتے، لیکن سپریم کورٹ کے مطابق اگر جرم ہوا ہے تو کوئی بھی شخص اس پر مقدمہ کروا سکتا ہے۔
وکیل کے مطابق معافی یا تلافی کا معاملہ سیکشن 345 کے تحت مقدمے اندراج کے بعد ہی آتا ہے، اور مقدمے میں قتل بالسبب کے ساتھ قتل عمد (سیکشن 302) بھی شامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ مارنے کا ارادہ نہیں تھا، لیکن فریقین کو معلوم تھا کہ اس عمل سے کسی کی جان جا سکتی ہے۔


