حکومت سندھ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے دورے کے لیے مکمل سہولیات فراہم کرے گی، شرجیل انعام میمن

کراچی(بولونیوز)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومتِ سندھ جمہوری اقدار پر مکمل یقین رکھتی ہے اور صوبے میں فری موومنٹ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے دورے کے دوران انہیں صوبے میں سیاسی و سرکاری سرگرمیاں انجام دینے کی مکمل آزادی حاصل ہوگی اور حکومت سندھ کی جانب سے انہیں مکمل سکیورٹی اور پروٹوکول فراہم کیا جائے گا۔

شرجیل انعام میمن کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے استقبال کے لیے حکومت سندھ کا نمائندہ بھی ایئرپورٹ پر موجود ہوگا۔ حکومت کا مؤقف یہ ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی اپنے دورے کے پروگرام سے آگاہ کریں، اور اگر انہیں کسی جلسے یا تقریب کے لیے گراؤنڈ درکار ہوگا تو حکومت سندھ وہ بھی فراہم کرے گی، اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کوئی سرگرمی قانون کی خلاف ورزی یا عوام کے لیے تکلیف کا باعث نہ بنے۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان نظریاتی اور سیاسی اختلافات اپنی جگہ موجود ہیں، اور جمہوری معاشروں میں اختلافِ رائے اور تنقید کو برداشت کیا جاتا ہے۔ اگر پی ٹی آئی تنقید کرتی ہے تو اسے اس کا حق حاصل ہے، اور پیپلز پارٹی بھی سیاسی انداز میں اس کا جواب دینے کا حق رکھتی ہے۔

شرجیل انعام میمن نے سابقہ حکومت کے دور میں تنقید پر پابندیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں کسی ٹاک شو میں تنقید کرنے والے اگلے دن نیب کے نوٹسز اور گرفتاریاں دیکھتے تھے، لیکن سندھ میں ایسا طرزِ عمل اختیار نہیں کیا جائے گا اور تنقید کو سیاسی اخلاقیات کے دائرے میں رہتے ہوئے برداشت کیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی اور عمران خان کے طالبان کے حوالے سے موقف پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ طالبان کے دفاتر کھولنے اور انتہا پسند عناصر کے حق میں پالیسیاں اختیار کرنے کے رویے پر پیپلز پارٹی کا شدید اختلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عناصر ملک میں دہشت گردی کے مختلف واقعات کے ذمہ دار ہیں اور خیبرپختونخوا میں بھی عوام کے لیے تشویشناک صورتحال پیدا کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے، نہ کہ ایسے عناصر کو سہولت دے جو عوام کے لیے عذاب بنے ہوئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *