حوالہ/ہنڈی، منی لانڈرنگ اور کاپی رائٹ کی خلاف ورزی میں 2 ملزمان گرفتار
کراچی(بولونیوز)کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دو مختلف کیسز میں کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں سے ایک اربوں روپے کی منی لانڈرنگ اور حوالہ/ہنڈی میں ملوث جبکہ دوسرا کاپی رائٹ کی خلاف ورزی میں ملوث پایا گیا۔
پہلے کیس میں گرفتار ملزم مج علی کو کاروبار کی آڑ میں غیر قانونی مالیاتی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا۔ ذرائع کے مطابق مج علی نے سائرہ ٹریڈنگ کمپنی کے نام پر کچن ویئر کا کاروبار ظاہر کیا اور متعدد بینک اکاؤنٹس کے ذریعے اسٹرکچرڈ ٹرانزیکشنز کے ذریعے رقوم منتقل کیں۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم کی کاروباری پروفائل اور مالی لین دین میں واضح تضاد پایا گیا اور غیر قانونی رقوم کو کاروباری آمدن ظاہر کیا گیا۔ اس کے علاوہ، ملزم حوالہ/ہنڈی کے ذریعے غیر قانونی رقوم کی سیٹلمنٹ میں بھی ملوث نکلا۔
دوسری کارروائی میں ملزم عاطف علی کو کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے بھاری تعداد میں معروف کمپنی کی جعلی پراڈکٹس برآمد ہوئیں۔
پولیس نے دونوں ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔


