2026 کی بڑی چوری،گھریلو ملازمائیں 100 تولے سے زائد سونا لے کر فرار

کراچی(بولونیوز)محمد علی سوسائٹی میں رواں سال کی اب تک کی سب سے بڑی چوری کی واردات سامنے آئی ہے، جہاں دو گھریلو ملازماؤں نے گھر سے 100 تولے سے زائد سونا چرا لیا، جس کی مالیت ساڑھے چار کروڑ روپے سے زیادہ بتائی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بہادر آباد تھانے کی حدود میں واقع محمد علی سوسائٹی کے ایک فلیٹ میں یہ واردات پیش آئی، جس کا مقدمہ پولیس نے متاثرہ خاندان کی مدعیت میں درج کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق واردات میں ملوث دونوں گھریلو ملازماؤں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے، جس میں ایک ماسی کا چہرہ کھلا جبکہ دوسری نے کالے رنگ کا ماسک پہن رکھا ہے۔

متاثرہ خاندان کے مطابق دونوں گھریلو ملازماؤں کو صرف ایک روز قبل ہی گھر پر کام کے لیے رکھا گیا تھا۔ فیملی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلڈنگ کے چوکیدار کی ضمانت پر نادیہ اور دلشاد نامی دونوں ماسیاں ملازم رکھی گئیں، جن کے بارے میں بتایا گیا تھا کہ وہ آپس میں نند بھاوج ہیں۔

اہل خانہ کے مطابق واردات کے روز دونوں ماسیاں معمول کے مطابق صبح کام کے لیے آئیں اور شام تقریباً 6 بجے واپس چلی گئیں۔ بعد ازاں جب گھر کی خواتین رشتہ داروں کے ہاں سے واپس آئیں تو دیکھا کہ کمرے میں الماریوں کے تالے ٹوٹے ہوئے تھے جبکہ فرش پر زیورات کے خالی ڈبے بکھرے پڑے تھے۔

خاندان کا کہنا ہے کہ الماری سے سونے کے 6 سیٹ، انگوٹھیاں اور کڑے سمیت 100 تولے سے زائد سونے کے زیورات چوری کیے گئے ہیں۔ متاثرہ فیملی نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان نادیہ اور دلشاد کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے چوری شدہ زیورات برآمد کروائے جائیں۔

پولیس کے مطابق واردات کے بعد فرار ہوتی ملازماؤں کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آ چکی ہے، جس کی مدد سے ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تفتیش کا عمل جاری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *