وینزویلا اور کیوبا نے امریکی کارروائی میں ہلاک 55 فوجی اہلکاروں کے نام جاری کر دیے

کراکس / ہوانا(بولونیوز)وینزویلا اور کیوبا نے گزشتہ ہفتے ہونے والی امریکی فوجی کارروائی میں ہلاک ہونے والے اپنے 55 فوجی اہلکاروں کے نام جاری کر دیے ہیں۔

دونوں ممالک نے امریکی حملے میں ہونے والے جانی نقصان کی تفصیلات منظرِ عام پر لاتے ہوئے سرکاری فہرستیں شائع کی ہیں۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کیوبا کی حکومت نے اپنے 32 اہلکاروں کے نام جاری کیے ہیں جو کراکس میں ہونے والی فوجی کارروائی کے دوران مارے گئے، جبکہ وینزویلا کی فوج نے بھی 23 فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے ناموں کی فہرست شائع کر دی ہے۔

کیوبا ڈیبیٹ میں شائع ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ہلاک ہونے والے 32 اہلکاروں میں سے 21 کا تعلق وزارت داخلہ سے تھا، جن میں تین اعلیٰ افسران شامل تھے۔ ان اعلیٰ افسران میں دو کرنل اور ایک لیفٹیننٹ کرنل شامل ہیں، جبکہ باقی ہلاک اہلکار انقلابی مسلح افواج کے رکن تھے، جن میں زیادہ تر فوجی شامل تھے۔

دوسری جانب وینزویلا کی فوج کی جانب سے جاری کردہ نوٹسز کے مطابق امریکی کارروائی میں 23 فوجی اہلکار مارے گئے، جن میں 5 ایڈمرل، مختلف رینکس کے 16 سارجنٹس اور 2 فوجی شامل ہیں۔

وینزویلا اور کیوبا کی جانب سے جاری بیانات میں امریکی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے، جبکہ ہلاک اہلکاروں کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *