سمندر کے راستے غیر قانونی طور پر ایران جانے والے 24 ملزمان کو گرفتار
گوادر(بولونیوز)ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گوادر نے سمندر کے راستے غیر قانونی طور پر ایران جانے والے 24 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں، جن میں 12 ملزمان گوجرانوالہ، 3 راجن پور، 2 مظفر گڑھ، جبکہ باقی 7 سرگودھا، قصور، گجرات، سیالکوٹ، ساہیوال، ملتان اور رحیم یار خان سے شامل ہیں۔
ملزمان کو جیوانی کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، جہاں وہ سمندر کے راستے غیر قانونی طور پر پاکستان سے ایران جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، ملزمان ایران سے دیگر ممالک میں بھی غیر قانونی طور پر جانے کا ارادہ رکھتے تھے۔
گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے بتایا کہ انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی بارڈر عبور کرنے میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور گرفتاریوں کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔


