حکومت سندھ کی ٹرانسپورٹرز کو ہدایت: قوانین کی خلاف ورزی پر گاڑیاں ضبط، سخت کارروائی کا انتباہ

کراچی(بولونیوز)حکومت سندھ نے تمام ٹرانسپورٹرز کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ٹریفک قوانین اور روٹ پرمٹس کی شرائط کی مکمل پاسداری کریں، بصورت دیگر گاڑیاں ضبط اور آپریٹرز کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔

وزیر نقل و حمل شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تمام گاڑیوں کو مقررہ رفتار میں چلانا لازم ہوگا اور اوورلوڈنگ، غلط اوورٹیکنگ، تیز رفتاری، لاپرواہ ڈرائیونگ اور ون وے کی خلاف ورزی سے اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل ہائی وے سیفٹی آرڈیننس 2000 کے تحت ایکسل لوڈ کی مقررہ حد پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ اور تعلیمی اداروں کی گاڑیوں میں CNG، LPG یا LNG کے استعمال پر پابندی ہوگی، جبکہ تمام پبلک سروس گاڑیوں میں ایمرجنسی ایگزٹ، فرسٹ ایڈ باکس اور فائر ایکسٹینگشر کی دستیابی لازمی ہوگی۔

انہوں نے واضح کیا کہ گاڑیاں صرف درست اور مؤثر دستاویزات، بشمول رجسٹریشن، فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ کے ساتھ منظور شدہ روٹس پر چلائی جائیں گی۔ بھاری گاڑیوں کے لیے بائی پاسز اور لنک روڈز، جیسے انڈس ہائی وے (این-55) اور مہران ہائی وے، کے استعمال پر پابندی ہوگی۔

وزیر نے کہا کہ تمام ڈرائیورز کے پاس درست HTV ڈرائیونگ لائسنس ہونا لازمی ہے اور 322 کلومیٹر سے زائد سفر کی صورت میں دو اہل HTV لائسنس یافتہ ڈرائیورز کی موجودگی ضروری ہوگی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ متعدد ٹرانسپورٹ آپریٹرز بغیر روٹ پرمٹ، فٹنس سرٹیفکیٹ یا زائدالمیعاد دستاویزات کے گاڑیاں چلا رہے ہیں، جو قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ تمام متعلقہ ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 28 فروری 2026 تک اپنی گاڑیوں کے روٹ پرمٹس حاصل کریں یا تجدید کروائیں، ورنہ سیکریٹری پی ٹی اے، آر ٹی ایز، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے خصوصی مہم شروع کی جائے گی۔

عدم تعمیل کی صورت میں گاڑیاں ضبط، ایف آئی آر درج، گاڑیوں کی رجسٹریشن معطل اور زائدالمیعاد روٹ پرمٹس منسوخ کر دیے جائیں گے، جبکہ دیگر اہل ٹرانسپورٹرز کو یہ روٹ پرمٹس الاٹ کیے جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *