اسلام آباد میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی یونٹ قائم کرنے کا اعلان

اسلام آباد / بیجنگ(بولونیوز)وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد میں مقیم چینی شہریوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ایک خصوصی حفاظتی یونٹ قائم کیا جا رہا ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے یہ بات چین کے وزیر برائے پبلک سیکیورٹی وانگ ژیاؤ ہونگ سے بیجنگ میں ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات چین کی وزارتِ عوامی سیکیورٹی کے ہیڈکوارٹر میں ہوئی جہاں محسن نقوی کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان پاک چین سیکیورٹی تعاون، خصوصاً دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اور فوری ردعمل کے نظام (ریپڈ ریسپانس میکنزم) کی تیاری پر اتفاق کیا گیا، جبکہ پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے تربیتی پروگراموں کی توسیع پر بھی زور دیا گیا۔

چینی وزیر وانگ ژیاؤ ہونگ نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں اور داخلی سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین، پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف دی جانے والی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

ملاقات میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ دونوں ممالک سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دے کر خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *