کچے میں بڑا آپریشن کا فیصلہ، ڈاکوؤں کےخلاف بے رحم کارروائی ہوگی

سکھر(بولونیوز)وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ کچے کے علاقے میں ایک بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرنے جا رہے ہیں، جس میں ڈاکوؤں کے خلاف بے رحمانہ کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو ڈاکو خود کو چیمپئن سمجھتے ہیں، ان کے خلاف بھی بلاامتیاز سخت ایکشن ہوگا۔

سکھر میں آئی جی سندھ کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے بتایا کہ اس آپریشن میں سندھ پولیس کے ساتھ رینجرز بھی بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر پنجاب پولیس کی معاونت بھی حاصل کی جائے گی، اسی سلسلے میں آئی جی سندھ کو آئی جی پنجاب سے رابطے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے میں مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال بہتر ہو چکی ہے اور اب سندھ کے کسی بھی حصے میں حفاظتی کانوائے نہیں چل رہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں اور اس نیٹ ورک کو مکمل طور پر توڑنے کا عزم ہے۔

ضیاء الحسن لنجار نے مزید کہا کہ امید ہے کہ بہت جلد جتوئی مہر تنازع بھی ختم ہو جائے گا، جبکہ صوبے میں قبائلی جھگڑوں کے خاتمے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ کچے کے آپریشن میں ہتھیار ڈالنے والوں کو موقع دیا جائے گا، تاہم فی الحال اس آپریشن کے لیے فوج کی ضرورت نہیں ہے۔ وزیر داخلہ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر تیار ہیں اور عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *