ڈھوک پٹھان میں المناک بس حادثہ، 5 افراد جاں بحق، 27 زخمی
تلہ گنگ(بولونیوز)تلہ گنگ کے پہاڑی اور سرحدی علاقے ڈھوک پٹھان میں پیش آنے والے دلخراش بس حادثے نے علاقے کی فضا کو سوگوار کر دیا۔ راولپنڈی سے ملتان جانے والی مسافر بس بے قابو ہو کر تقریباً سو فٹ گہری کھائی میں جا گری۔
حادثے کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ 27 مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گورنمنٹ سٹی ہسپتال تلہ گنگ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔ حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی کیفیت ہے اور شہریوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کیا ہے۔


