پاکستان میں ایم وی این او کے لیے پالیسی فریم ورک باقاعدہ طور پر نافذ
اسلام آباد (بولونیوز)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ملک میں موبائل ورچوئل نیٹ ورک آپریٹرز (ایم وی این او) کے لیے پالیسی فریم ورک باقاعدہ طور پر نافذ کر دیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق اس پالیسی کا مقصد ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں مسابقت کو فروغ دینا، جدت کو بڑھانا اور صارفین کے لیے بہتر انتخاب کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس فریم ورک کے تحت ایم وی این او بغیر اسپیکٹرم کے، لائسنس یافتہ موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کے ساتھ معاہدوں کے ذریعے اپنی الگ برانڈ شناخت کے تحت ملک بھر میں جدید موبائل خدمات فراہم کر سکیں گے۔
پالیسی کے مطابق ایم وی این او کا لائسنس ابتدائی طور پر 15 سال کے لیے جاری کیا جائے گا، جو متعلقہ ریگولیٹری شرائط کی تکمیل سے مشروط ہوگا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس اقدام سے پاکستان میں موبائل مارکیٹ میں مزید سرمایہ کاری اور صارفین کے لیے سروس کے معیار میں بہتری متوقع ہے۔


