منگھوپیر میں فیکٹری کے اندر زوردار دھماکا، ایک شخص معمولی زخمی
کراچی(بولونیوز)منگھوپیر محمد خان گوٹھ کے قریب واقع ایک فیکٹری میں زوردار دھماکا ہوا، جس کے باعث قریبی گھر کی دیواریں اور چھت شدید متاثر ہو گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کی شدت سے ملحقہ رہائشی مکان کو نقصان پہنچا، تاہم فوری امدادی کارروائی کے نتیجے میں کسی بڑے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ڈی ایس پی منگھوپیر مسرور جتوئی نے بتایا کہ دھماکا سریا مل میں کام کے دوران مشین کے ایک پرزے کے ٹوٹنے سے ہوا۔ ان کے مطابق مشین کی گراری ٹوٹ کر قریبی گھر کی چھت پر جا گری، جس سے مکان کو نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق واقعے میں گھر کا رہائشی ایک شخص معمولی زخمی ہوا، جسے ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے۔ پولیس اور متعلقہ ادارے موقع پر موجود ہیں جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔


