ملک بھر میں شدید سردی کی لہر کا الرٹ، درجہ حرارت میں غیر معمولی کمی کا امکان
اسلام آباد(بولونیوز)ملک بھر میں آئندہ چند روز کے دوران سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں شدید سردی کی لہر داخل ہونے والی ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے جاری کردہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ چاروں صوبوں کے علاوہ گلگت بلتستان اور دیگر بالائی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھے گی۔ ادارے کے مطابق گلگت بلتستان میں سرد موسم پوری شدت کے ساتھ برقرار ہے، جبکہ بالائی خیبرپختونخوا، شمالی بلوچستان اور پوٹھوہار کے علاقوں میں بھی خون جما دینے والی سردی متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں کوئٹہ، زیارت اور قلات میں سردی مزید بڑھ سکتی ہے، جس کے نتیجے میں سانس کے امراض میں اضافے اور فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں دھند کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے روزمرہ معمولات اور ٹریفک متاثر ہونے کا امکان ہے۔ دوسری جانب کراچی کے شہریوں کو بھی سرد موسم کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں شمال مشرق سے سرد ہوائیں چل رہی ہیں اور جمعرات سے رات کا کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔ ہفتے اور اتوار کی رات درجہ حرارت سنگل ڈیجیٹ میں جانے کا امکان ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک میں سب سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ زیارت میں منفی 9 اور استور میں منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ قلات اور کالام میں درجہ حرارت منفی 7 جبکہ اسکردو میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ گوپس میں منفی 5 جبکہ ہنزہ، مالم جبہ، پاراچنار، کوئٹہ اور نتھیا گلی میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ سردی ریکارڈ کی گئی۔
این ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، گرم کپڑوں کے استعمال اور خاص طور پر بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے تاکہ شدید سردی کے ممکنہ اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔


