محکمہ بلدیات سندھ نے افسران کی ٹریننگ لازمی قرار دے دی
کراچی (بولونیوز)محکمہ بلدیات سندھ نے لوکل کونسل افسران کے لیے تربیتی کورسز میں حاضری کو لازمی قرار دیتے ہوئے سخت احکامات جاری کر دیے ہیں۔
اس سلسلے میں اسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے تمام ریجنل ڈائریکٹرز کو مراسلہ بھیج کر ٹریننگ اکیڈمی میں افسران کی بروقت نامزدگی اور حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ بلدیات سندھ نے ٹنڈو جام اکیڈمی میں ٹریننگ کے لیے نامزدگیوں میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقامی کونسلوں کے افسران کی ٹریننگ اکیڈمی میں حاضری کو یقینی بنایا جائے۔
محکمہ کا کہنا ہے کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والے افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی تاکہ تربیتی پروگرام مؤثر انداز میں مکمل ہو سکے اور افسران کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔


