خزانے پر بوجھ بننے والے اداروں کے خلاف سخت فیصلے
اسلام آباد(بولونیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ قومی خزانے پر بوجھ بننے والے کسی بھی ادارے کو نہیں بخشا جائے گا اور خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں سرکاری اداروں کی اصلاحات اور نجکاری سے متعلق بڑے فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی آئی اے کے بعد اب بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے عمل کو بھی آگے بڑھایا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قومی ائیرلائن کی نجکاری بارش کا پہلا قطرہ ہے، جس کے بعد دیگر خسارے کے شکار اداروں کی نجکاری بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد قومی خزانے پر پڑنے والے بوجھ کو کم کرنا اور اداروں کو پیشہ ورانہ بنیادوں پر چلانا ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نجکاری کے عمل کو شفاف، تیز اور مؤثر بنایا جائے تاکہ معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں اور عوام کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔


