ایف آئی اے میں کڑا احتساب، 271 اہلکاروں کو سزائیں، 88 افسران برطرف

اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں اندرونی احتساب کے عمل کے تحت بدعنوانی، نظم و ضبط کی خلاف ورزی اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث 271 افسران و اہلکاروں کو مختلف سزائیں سنا دی گئیں، جن میں 88 اہلکاروں کی ملازمت سے برطرفی بھی شامل ہے۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجا کی ہدایت پر ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنل اکاؤنٹیبیلیٹی نے 2025 کے دوران مکمل کیں۔ برطرف کیے جانے والوں میں 2 ڈپٹی ڈائریکٹرز، 6 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، 13 انسپکٹرز، 20 سب انسپکٹرز کے علاوہ اے ایس آئیز، ہیڈ کانسٹیبلز، کانسٹیبلز اور منسٹریل اسٹاف شامل ہیں۔

اعلامیے کے مطابق رواں سال 10 اہلکاروں کو عہدے کی تنزلی کی سزا دی گئی، جبکہ 168 افسران و اہلکاروں کو ترقی سے روکنے اور دیگر معمولی سزائیں سنائی گئیں۔ اس کے علاوہ بدعنوانی اور غفلت میں ملوث متعدد اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائیاں جاری ہیں۔

ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجا نے کہا کہ محکمانہ احتساب کا مقصد ادارے میں قانونی اور پیشہ ورانہ معیارات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے میں کرپشن، غفلت اور ناقص تفتیش کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہے اور ادارے کو کالی بھیڑوں سے پاک کرنے کے لیے بلاامتیاز احتساب جاری رہے گا۔

رفعت مختار راجا نے مزید کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں، خصوصاً انسانی اسمگلنگ اور کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت اقدامات ناگزیر ہیں اور غفلت برتنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جاتی رہے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *