ایس بی سی اے کی ناکامی، اسکیم 36 میں غیر قانونی بینکیوٹ ہال قائم
کراچی(بولونیوز) شادی ہالوں پر واضح پابندی کے باوجود اسکیم 36 کے پلاٹ نمبر سی 52 میں غیر قانونی بلینکڈ ہال کی تعمیرات سرِ عام جاری ہیں، جو ایس بی سی اے اور متعلقہ حکام کی کارکردگی پر سنگین سوالیہ نشان ہے۔ کانٹیننٹل بیکری کے قریب واقع اس ہال کی تعمیر بغیر کسی قانونی اجازت اور منظور شدہ نقشے کے کی جا رہی ہے، جو قواعد و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ رہائشی زون میں شادی ہال کی تعمیر نہ صرف قانون شکنی ہے بلکہ یہ ٹریفک جام، شور شرابہ اور سیکیورٹی خدشات کو بھی جنم دے گی۔ شہریوں کے مطابق بارہا شکایات کے باوجود کارروائی نہ ہونا متعلقہ افسران کی مبینہ سرپرستی اور ملی بھگت کا واضح ثبوت ہے۔
شہری حلقوں نے ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس غیر قانونی بلینکڈ ہال کا نوٹس لیں، تعمیرات کو فی الفور بند کرایا جائے اور اس غیر قانونی عمل میں ملوث افسران کے خلاف سخت سرکاری کارروائی کی جائے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر اب بھی چشم پوشی کی گئی تو یہ قانون کی بالادستی پر کھلا حملہ تصور کیا جائے گا


