پی ٹی آئی سے مذاکرات کی حمایت یا مخالفت؟ وزیر دفاع خواجہ آصف کا مؤقف
اسلام آباد(بولونیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے معاملے پر اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ بات چیت کی کوئی بھی مخالفت نہیں کر سکتا، تاہم اصل سوال یہ ہے کہ مذاکرات کس سے کیے جائیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے اندر مختلف قسم کی آوازیں سنائی دیتی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی اپنی ٹویٹس میں ایک الگ مؤقف سامنے آتا ہے، جبکہ ان کی بہنوں کا مؤقف اس سے ملتا جلتا ضرور ہے لیکن پارلیمانی گروپ کے اندر بھی واضح اختلافات پائے جاتے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ایسی صورتحال میں یہ طے کرنا مشکل ہو جاتا ہے کہ مذاکرات کے لیے پی ٹی آئی کی نمائندگی کون کرے گا اور کس مؤقف پر بات چیت آگے بڑھائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سنجیدہ اور بامقصد مذاکرات کے لیے واضح قیادت اور متفقہ مؤقف ناگزیر ہوتا ہے۔


