وینزویلا کے سیاسی بحران کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی

سنگاپور(بولونیوز) وینزویلا میں پیدا ہونے والے شدید سیاسی و عسکری بحران کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ ایشیائی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں 0.63 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد برینٹ خام تیل 60.37 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہوا۔

ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں بھی 0.70 فیصد کمی واقع ہوئی، جس کے بعد ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی فی بیرل قیمت 56.92 ڈالر تک گر گئی۔

واضح رہے کہ امریکی فوج کی جانب سے وینزویلا کے دارالحکومت کاراکس سمیت مختلف مقامات پر حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔ رپورٹس کے مطابق وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کرکے امریکا منتقل کر دیا گیا ہے۔

دارالحکومت کاراکس میں کم از کم سات دھماکے ہوئے، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں جنگی طیاروں کی نچلی پروازیں بھی دیکھی گئیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ وینزویلا میں ان حملوں کا حکم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دیا۔

سیاسی عدم استحکام اور فوجی کارروائیوں کے باعث عالمی منڈی میں سرمایہ کاروں میں بے چینی پائی جاتی ہے، جس کا براہِ راست اثر تیل کی قیمتوں پر پڑا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *