وزیراعظم کا بنگلہ دیش ہائی کمیشن کا دورہ، بیگم خالدہ ضیاء کے انتقال پر فاتحہ اور تعزیت
اسلام آباد(بولونیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیاء کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کے لیے عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن کا دورہ کیا۔
وزیراعظم نے بنگلہ دیش کے ناظم الامور سے ملاقات کے دوران دلی تعزیت کا اظہار کیا، تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے اور مرحومہ کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
تعزیتی پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیگم خالدہ ضیاء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک صاحبِ بصیرت رہنما اور نامور سیاسی شخصیت قرار دیا، جنہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی خدمت کے لیے وقف کیے رکھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیگم خالدہ ضیاء پاکستان اور اس کے عوام کی مخلص دوست اور خیر خواہ تھیں اور انہوں نے خطے کی سیاست میں ایک لازوال اور متاثر کن میراث چھوڑی ہے۔
وزیراعظم نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے بیگم خالدہ ضیاء کے اہلِ خانہ، بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے کارکنان اور بنگلہ دیش کے عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی روح کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔


