شاہراہ فیصل، میرین ڈرائیو اور دیگر اہم شاہراہوں کی اسٹریٹ لائٹس سولر پاور پر منتقل

کراچی(بولونیوز) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا ہے کہ شہر کی اہم شاہراہیں بشمول شاہراہِ فیصل، میرین ڈرائیو، شاہراہ فردوسی اور شاہراہ ایران کی اسٹریٹ لائٹس کو سولر پاور پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام روایتی بجلی سے چلنے والی لائٹس کے متبادل کے طور پر کیا گیا ہے۔

میئر کراچی کے مطابق پہلے فیز میں شارع فیصل سے ایئرپورٹ تک تمام لائٹس سولر پاور پر منتقل کی گئی ہیں، جبکہ شارع ایران اور شارع غالب کی لائٹس بھی سولر پاور پر منتقل کی جا چکی ہیں۔ اس منصوبے پر تقریباً 1 ارب روپے کی لاگت آئی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ سولر لائٹس خراب ہونے کی صورت میں کنٹریکٹر کمپنی کی ذمہ داری ہوگی، اور جو کمپنی یہ لائٹس نصب کرے گی، وہ اگلے پانچ سال تک گارنٹی فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی سولر پاور لائٹس کے ذریعے سالانہ تقریباً ڈھائی کروڑ روپے کی بچت کرے گی، اور لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے اسٹریٹ لائٹس بند نہیں ہوں گی۔

میئر کراچی نے مزید بتایا کہ اگلے فیز میں مائی کلاچی اور سر شاہ سلیمان روڈ کی اسٹریٹ لائٹس بھی سولر پاور پر منتقل کی جائیں گی، جبکہ نئے منصوبوں کے لیے سنگ بنیاد رکھے جا رہے ہیں اور جاری منصوبوں کو مکمل کیا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *