سول اسپتال سے 3 ماہ کا بچہ اغوا، پولیس تحقیقات میں مصروف

کراچی(بولونیوز) شہر کے سول اسپتال سے 3 ماہ کا بچہ اغوا ہونے کا واقعہ پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مبینہ اغوا کار خاتون اور اس کا ساتھی بچے کی والدہ کو علاج کے لیے لانے کا جھانسہ دے کر اسپتال لے آئے اور وارڈ سے بچے کو اغوا کرکے فرار ہوگئے۔

رابعہ نامی والدہ 24 دسمبر کو اپنے تین ماہ کے جڑواں بچوں کو علاج کے لیے اسپتال لے جا رہی تھیں کہ دوران سفر میراناکہ کے مقام پر بچوں کو بھوک لگ گئی۔ رابعہ نے بچوں کو فیڈر سے دودھ پلایا، اسی دوران ایک نامعلوم خاتون وہاں پہنچی جس نے بچوں کے علاج کی مکمل ذمہ داری لینے کی یقین دہانی کرائی اور اگلے دن دوبارہ ملاقات کا وعدہ کیا۔

اگلے روز بچوں کو اسپتال کے بچہ وارڈ میں داخل کیا گیا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم کچھ دیر بعد فیصلہ کیا گیا کہ بچوں کو گھر منتقل کرکے وہاں علاج جاری رکھا جائے۔ والدہ کے مطابق جب ڈسچارج کروانے کا وقت آیا تو وہ خاتون ایک بچہ لے کر فرار ہوگئی۔

پولیس نے اغوا کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، لیکن تاحال کوئی بڑی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ متاثرہ خاندان انصاف اور اغوا شدہ بچے کی بازیابی کے لیے حکام کی جانب دیکھ رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *