گلشن معمار سے خاتون کی پراسرار گمشدگی، کئی ماہ گزرنے کے باوجود بازیابی نہ ہو سکی
کراچی(بولونیوز) کراچی کے علاقے تھانہ گلشن معمار کی حدود سے لاپتہ ہونے والی مسماۃ فریال دختر محمد عابد زوجہ علی رضوی کو گمشدہ ہوئے کئی ماہ گزر چکے ہیں، تاہم مقدمہ درج ہونے کے باوجود پولیس تاحال انہیں بازیاب کرانے میں ناکام رہی ہے۔
متاثرہ شوہر علی رضوی کے مطابق واقعے کے روز وہ اپنی تینوں بیٹیوں کے ہمراہ بولٹن مارکیٹ کپڑوں کی خریداری کے لیے گیا ہوا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ رات تقریباً 10 بجے گھر واپس آئے تو گھر کا دروازہ اندر سے کنڈی لگا ہوا تھا، جبکہ ان کی اہلیہ فریال گھر میں موجود نہیں تھیں۔
واقعے کی اطلاع فوری طور پر مقامی تھانے کو دی گئی اور مقدمہ بھی درج کیا گیا، مگر کئی ماہ گزرنے کے باوجود فریال کا کوئی سراغ نہ لگایا جا سکا۔
متاثرہ خاندان نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فریال کی بازیابی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ اہلِ خانہ نے عوام سے بھی درخواست کی ہے کہ اگر مسماۃ فریال کہیں نظر آئیں تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دیں۔


