کراچی میں بڑی دہشت گردی کی کارروائی ناکام بنانے پر ایم کیو ایم پاکستان کا سی ٹی ڈی کو خراجِ تحسین

کراچی(بولونیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے کراچی میں دہشت گردی کی ایک بڑی کارروائی ناکام بنانے پر محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث کراچی کے معصوم شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکا، جس پر سی ٹی ڈی سمیت تمام متعلقہ ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ایم کیو ایم پاکستان دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور شہر کے امن کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

ایم کیو ایم پاکستان نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے، محب وطن سیاسی جماعتیں اور عوام متحد ہو کر دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔

بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ مذہب یا قومیت کے نام پر نوجوانوں کو گمراہ کرنے والوں اور نہتے، معصوم شہریوں پر حملہ آور عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں تاکہ شہر اور ملک میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *