چنگچی رکشوں پر پابندی کے خلاف عدالت میں درخواست، سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی
کراچی(بولونیوز)شہر کی مرکزی شاہراہوں پر چنگچی رکشوں کے چلانے پر عائد پابندی کے خلاف درخواست عدالت میں زیر سماعت آئی، جہاں عدالت نے درخواست کی سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ اہم شاہراہوں اور لنک روڈ پر چنگچی رکشوں کو چلانے کی اجازت دی جائے، جبکہ انہوں نے عدالت کے سامنے مؤقف پیش کیا کہ روزانہ نئے آرڈر جاری کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث شہریوں اور رکشہ ڈرائیورز کو مشکلات کا سامنا ہے۔
عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل طلب کر لیے اور وکیل درخواست گزار کو آئندہ سماعت میں تیار ہو کر پیش ہونے کی ہدایت دی۔ وکیل نے بتایا کہ اب 26 روڈ سمیت کئی اہم راستوں پر چنگچی رکشوں پر پابندی بڑھا دی گئی ہے، جس کے خلاف عدالت سے فوری رہنمائی اور اجازت طلب کی گئی ہے۔


