پولیس اہلکار کو صرف 2 ہزار روپے کی رشوت لینے پر 4 سال قید کی سزا
مدھیہ پردیش بھارت(بولونیوز)رشوت لینے والا پولیس اہلکار بھاری سزا کا مستحق ٹھہرا، جہاں دو ہزار روپے کی معمولی رشوت لینے پر کانسٹیبل وویک ساہو کو چار سال قید کی سزا سنائی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وویک ساہو نے چیک باؤنس کیس میں دیوی سنگھ نامی شخص کو گرفتار کرنے کی دھمکی دے کر رشوت طلب کی تھی۔ متاثرہ شخص نے لوک آیکت (مقامی شکایتی ادارے) سے شکایت درج کرائی، جس کے بعد اہلکار کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔
ابتدائی طور پر ٹرائل کورٹ نے انسداد بدعنوانی ایکٹ کے تحت وویک ساہو کو چار سال قید کی سزا سنائی تھی، جسے ملزم نے ہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔ تاہم عدالت عالیہ نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے ملزم کے ضمانتی مچلکے منسوخ کر دیے اور اسے چار سال کے لیے جیل بھیج دیا۔
یہ معاملہ ثابت کرتا ہے کہ رشوت جیسے مکروہ فعل کا انجام کتنی بھی معمولی رقم کیوں نہ ہو، شدید سزا کا سبب بن سکتا ہے۔


