پنجاب کی زرخیز زمین گندم کی بہترین پیداوار کے لیے تیار، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا دعویٰ
لاہور(بولونیوز) پنجاب میں زراعت کا شعبہ رواں سال گندم کی ریکارڈ پیداوار کے لیے تیار ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کے متعارف کرائے گئے کسان کارڈ نے پنجاب کی زراعت کی سمت یکسر بدل دی ہے اور کھیتوں میں اعتماد کی فصل بو دی ہے۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق پنجاب کے کسانوں کو اب تک 100 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 65 ارب روپے عملی طور پر استعمال ہو چکے ہیں، جبکہ کھاد کی خریداری پر 47 ارب روپے خرچ ہوئے ہیں۔ دسمبر میں یوریا کھاد کی فروخت نے پنجاب کی زرعی تاریخ بدل دی اور 13 لاکھ 56 ہزار میٹرک ٹن کی نئی ریکارڈ پیداوار قائم کی گئی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے کسان کے پاس اب سرمایہ، جدید ٹیکنالوجی اور کسان کارڈ کے ذریعے دستیاب پیسہ موجود ہے، اور کسان کی ترقی ملک کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق کسان کارڈ کے نفاذ سے نہ صرف پیداوار میں اضافہ ممکن ہوا بلکہ کھیتوں میں اعتماد بھی بحال ہوا ہے، جس کا براہ راست اثر پاکستان کی معیشت اور زرعی شعبے پر پڑے گا۔


